تجربہ کار قازق سفارت کار ڈاکٹر یرکین توکوموف کا پاکستان کے لیے سفیر تقرر خوش آئند ہے،سفارتی حلقے

اسلام آباد: قازقستان نے اپنے ممتاز سفارت کار اور قومی سلامتی کے ماہر ڈاکٹر یرکین توکوموف کو پاکستان میں اپنا نیا سفیر مقرر کر دیا ہے، جس کا مقصد علاقائی سفارت کاری اور معاشی تعاون کو مزید تقویت دینا ہے۔

قازق انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز، سیکیورٹی کونسل اور اہم سفارتی مشنز کا وسیع تجربہ رکھنے والے ڈاکٹر توکوموف ایک ایسے وقت میں اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں جب دونوں ممالک باہمی تجارت کو 1 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں۔

اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین سیاسی تعلقات قائم ہیں، تاہم مواصلاتی رکاوٹوں اور براہِ راست بینکنگ ذرائع کی کمی کے باعث تجارتی صلاحیت سے مکمل فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاک قازق اقتصادی شراکت داری کو مزید فعال بناتے ہوئے مواصلاتی اور تجارتی راہداریوں کو عملی شکل دی جائے۔